اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماسکو میں روسی وزارت خارجہ پہنچنے پر سرگئی لاوروف نے ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ وفد کا خیر مقدم کیا، جس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان بالمشافہ مذاکرات کا آغاز ہوا۔ ملاقات کے آغاز میں سید عباس عراقچی نے تہران اور ماسکو کے درمیان تمام سطحوں پر جاری قریبی مشاورت کے حوالے سے روسی مؤقف کی تائید کی۔
اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایرانی وزیر خارجہ کی میزبانی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان طے پانے والا جامع اسٹریٹیجک معاہدہ باہمی تعلقات میں ایک اہم ترین موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے خصوصی تعاون کو مزید مستحکم کرتا ہے اور آئندہ 20 برس کے لیے تمام شعبوں میں مشترکہ ویژن کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران سید عباس عراقچی نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں دونوں ممالک کے صدور کے درمیان پانچ ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جبکہ وزرائے خارجہ کی سطح پر بھی ماسکو، تہران اور دیگر ممالک میں مسلسل رابطہ اور ملاقاتیں جاری رہی ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ مشاورت کو نہایت ضروری قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی روس کی جانب سے مذمت اور ایرانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر روسی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
آپ کا تبصرہ